کوئٹہ: صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم کھوسہ نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی، خوشحالی اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، صوبے کے تمام اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے جبکہ سڑکوں، شاہراہوں، پلوں اور دیگر بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے مو¿ثر اقدامات کیے جا رہے ہیں‘یہ بات انہوںنے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ بلوچستان رقبے کے لحاظ سے ملک کا سب سے بڑا صوبہ ہے، جس کی ترقی کے لیے مربوط اور دیرپا منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔ حکومت صوبے کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں کو ترقی کے دھارے میں شامل کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے تاکہ شہریوں کو ان کی دہلیز پر بنیادی سہولیات میسر آسکیں۔میر سلیم کھوسہ نے کہا کہ محکمہ مواصلات و تعمیرات صوبے میں سڑکوں کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لیے مختلف منصوبوں پر کام کر رہا ہے۔ معیاری اور پائیدار سڑکوں کی تعمیر سے نہ صرف عوام کو سفری سہولیات میسر آئیں گی بلکہ تجارت، زراعت، صنعت اور دیگر معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ ترقیاتی بجٹ عوام کی حقیقی ضروریات اور امنگوں کے مطابق خرچ کیا جائے۔ ترقیاتی منصوبوں میں معیار اور شفافیت پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور جہاں بھی تعمیراتی کام میں غفلت، ناقص میٹریل یا معیار کے خلاف ورزی سامنے آئی وہاں ذمہ داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ بلوچستان کے عوام نے ہمیشہ ترقی اور خوشحالی کی خواہش کی ہے اور حکومت عوام کی اس خواہش کو عملی جامہ پہنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ بنیادی ڈھانچے کی مضبوطی سے صوبے میں سرمایہ کاری کے مواقع بڑھیں گے، روزگار کے نئے راستے کھلیں گے اور عوام کا معیار زندگی بہتر ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کی ترقی صرف حکومت کی نہیں بلکہ تمام سیاسی، سماجی اور عوامی حلقوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اجتماعی کوششوں اور مثبت سوچ کے ذریعے صوبے کو ترقی کی نئی منزلوں تک پہنچایا جاسکتا ہے۔میر سلیم کھوسہ نے کہا کہ حکومت ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے ساتھ ساتھ عوامی مسائل کے حل کو بھی یقینی بنا رہی ہے۔ بلوچستان کو ترقی یافتہ، پرامن اور خوشحال صوبہ بنانا حکومت کا عزم ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے ترقیاتی عمل کو مزید تیز کیا جائے گا۔
اہم خبربلوچستان
بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت کی ترجیح ہے: سلیم کھوسہ
