بلوچستان

ابتدائی تعلیم میں بہتری کیلئے بلوچستان میں نیا منصوبہ شروع

کوئٹہ: بلوچستان میں ابتدائی تعلیم کے فروغ اور اصلاحات کیلئے 90 لاکھ 70 ہزار ڈالر کا نیا منصوبہ شروع کر دیا گیا ہے جس کا مقصد خصوصاً دیہی اور محروم علاقوں کے ہزاروں بچوں تک ابتدائی تعلیمی سہولیات پہنچانا ہے۔

ویلتھ پاکستان کو دستیاب دستاویزات کے مطابق یہ منصوبہ بلوچستان کے محکمہ تعلیم کے تحت نافذ کیا جا رہا ہے اور اس کی تکمیل 30 جون 2029 تک متوقع ہے۔

‘سسٹم ٹرانسفارمیشن اِن بلوچستان فار ارلی ایجوکیشن’ کے عنوان سے شروع کیے گئے اس منصوبے کا مقصد معیاری ابتدائی تعلیمی پروگراموں تک رسائی بڑھانا، اساتذہ کی تربیت کو بہتر بنانا اور صوبائی تعلیمی نظام کی ادارہ جاتی صلاحیت کو مضبوط کرنا ہے۔

منصوبے کے تحت پسماندہ اضلاع میں اسکولوں کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جائے گا، ابتدائی تعلیم کیلئے معیاری نصاب متعارف کرایا جائے گا اور تعلیمی خدمات کی مؤثر فراہمی کیلئے نگرانی کا نظام بھی قائم کیا جائے گا۔

حکام کے مطابق منصوبے کا باضابطہ آغاز ہو چکا ہے اور اس کیلئے عملے کی تعیناتی مکمل کر لی گئی ہے جبکہ تعلیمی مواد کی خریداری، تربیتی پروگراموں اور انفراسٹرکچر سے متعلق معاہدوں کا عمل جلد شروع کیا جائے گا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ابتدائی تعلیم بچوں کی آئندہ تعلیمی زندگی کی بنیاد رکھتی ہے اور اگر اس منصوبے پر مؤثر انداز میں عملدرآمد اور نگرانی کی گئی تو یہ بلوچستان میں شرح خواندگی میں نمایاں بہتری کا سبب بن سکتا ہے۔

تبصرہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *