کوئٹہ: حکومتِ بلوچستان نے صوبے کی سرکاری جامعات کیلئے مارچ 2026 کے دوران عملے کی تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی کیلئے مجموعی طور پر 85 کروڑ 75 لاکھ 30 ہزار روپے جاری کر دیے ہیں۔ اس حوالے سے صوبائی محکمہ خزانہ کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے جس میں مختلف جامعات کو فراہم کی جانے والی رقوم کی تفصیل بیان کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یونیورسٹی آف بلوچستان کو سب سے زیادہ 28 کروڑ 93 لاکھ 20 ہزار روپے فراہم کیے گئے ہیں۔ اسی طرح بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز (بیوٹمز) کو 18 کروڑ 79 لاکھ 20 ہزار روپے جاری کیے گئے، جو اس فہرست میں دوسری بڑی رقم ہے۔
مزید برآں سردار بہادر خان ویمنز یونیورسٹی کوئٹہ کو 9 کروڑ 96 لاکھ 70 ہزار روپے جبکہ لسبیلہ یونیورسٹی آف ایگریکلچر، واٹر اینڈ میرین سائنسز کو 9 کروڑ 24 لاکھ 10 ہزار روپے فراہم کیے گئے۔ اسی طرح بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی خضدار کیلئے 6 کروڑ 7 لاکھ 10 ہزار روپے مختص کیے گئے ہیں۔
دیگر جامعات کیلئے بھی فنڈز جاری کیے گئے جن کے تحت یونیورسٹی آف تربت کو 4 کروڑ 55 لاکھ 80 ہزار روپے، یونیورسٹی آف لورالائی کو 2 کروڑ 74 لاکھ 10 ہزار روپے جبکہ میر چاکر خان رند یونیورسٹی سبی کو 1 کروڑ 46 لاکھ 10 ہزار روپے فراہم کیے گئے۔ اسی طرح ایک اور جامعہ کیلئے 1 کروڑ 42 لاکھ 70 ہزار روپے مختص کیے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق ان فنڈز کے اجرا کا مقصد صوبے کی سرکاری جامعات میں تدریسی اور غیر تدریسی عملے کی تنخواہوں اور پنشن کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنانا ہے۔ یہ رقوم بلوچستان کے مختلف شہروں اور اضلاع میں قائم جامعات کو فراہم کی گئی ہیں تاکہ اعلیٰ تعلیم کے اداروں کے مالی امور کو مستحکم رکھا جا سکے
