وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے عیدالفطر کی نماز میر غلام قادر اسپورٹس کمپلیکس قادر آباد بالائی ڈیرہ بگٹی میں ادا کی جہاں عوام کی بڑی تعداد نے بھی ان کے ہمراہ نماز عید ادا کی۔نماز عید کے بعد وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی عوام میں گھل مل گئے اور شہریوں کے ساتھ عید کی مبارکباد کا پرتپاک تبادلہ کیا اس موقع پر شہریوں کی بڑی تعداد نے وزیر اعلیٰ سے مصافحہ کیا انہیں عید کی مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا عوام نے وزیر اعلیٰ کو اپنے درمیان پا کر خوشی کا اظہار کیا ۔
بعد ازاں وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے اپنی رہائش گاہ پر قبائلی عمائدین، معتبرین اور معزز مہمانوں سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران روایتی حال احوال کے ساتھ ساتھ علاقائی صورتحال، عوامی مسائل اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا قبائلی عمائدین نے وزیر اعلیٰ کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے علاقے میں جاری ترقیاتی کاموں پر ان کا شکریہ ادا کیا اور حکومتی اقدامات کو سراہا اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ عیدالفطر کا مقدس موقع ہمیں اتحاد، اخوت، بھائی چارے اور ضرورت مند طبقات کا احساس کرنے کا درس دیتا ہے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کی فلاح و بہبود، سماجی تحفظ اور خوشحالی کو یقینی بنانے کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کر رہی ہے وزیر اعلیٰ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان میں دیرپا امن و استحکام کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے اور عوام کے تعاون سے ترقی کا سفر مزید تیز کیا جائے گا انہوں نے زور دیا کہ باہمی ہم آہنگی، رواداری اور یکجہتی کو فروغ دے کر ہی ایک مضبوط، مستحکم اور خوشحال معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے۔
