بلوچستان

بلوچستان ریونیو اتھارٹی کا انتباہ: ٹیکس قوانین کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی

کوئٹہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن اور بلوچستان ریونیو اتھارٹی کے چیئرپرسن عبداللہ خان کی ہدایات کی روشنی میں شہر کےریسٹورنٹس کی نگرانی مہم میں تیزی کر دی گئی ہے تاکہ ٹیکس قوانین پر مؤثر عملدرآمد اور پوائنٹ آف سیل (پی او ایس) سسٹمز کے درست استعمال کو یقینی بنایا جا سکے۔
بلوچستان ریونیو اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق مہم کے پہلے مرحلے کا آغاز ایئرپورٹ روڈ پر واقع مختلف ریسٹورنٹس سے کیا گیا ہے، جسے مرحلہ وار شہر کے دیگر علاقوں تک بھی توسیع دی جائے گی۔ اس سلسلے میں تشکیل دی گئی مانیٹرنگ ٹیمیں مختلف ریسٹورنٹس کا دورہ کر کے پی او ایس سسٹمز کی فعالیت، سیلز کی درست رپورٹنگ اور ٹیکس کی بروقت ادائیگی کا تفصیلی جائزہ لے رہی ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ اس مہم کا بنیادی مقصد ٹیلس نظام میں شفافیت کو فروغ دینا، ریونیو میں اضافہ کرنا اور بلوچستان سیلز ٹیکس آن سروسز کے قوانین پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنانا ہے۔ بلوچستان ریونیو اتھارٹی نے تمام ریسٹورنٹ مالکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے پی او ایس سسٹمز کو فعال رکھیں، تمام لین دین کا درست اندراج یقینی بنائیں اور مقررہ مدت کے اندر ٹیکس ریٹرنز جمع کروائیں۔ ترجمان نے خبردار کیا کہ ٹیکس قوانین کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ قوانین کے تحت سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اتھارٹی صوبے میں ٹیکس کلچر کو فروغ دینے اور کاروباری سرگرمیوں میں شفافیت لانے کے لیے ایسی نگرانی مہمات جاری رکھے گی۔

تبصرہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *