بلوچستان

2026 انڈر 18 ہاکی چیمپئن شپ کے شیڈول کا اعلان

لاہور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام یوتھ انڈر 18 نیشنل ہاکی چیمپئن شپ 2026 کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔ ایونٹ کا آغاز 9 اپریل سے ہوگا اور19 اپریل تک جاری رہے گا۔ چیمپئن شپ میں ملک بھر سے 16 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی۔ترجمان ہاکی فیڈریشن کےمطابق ایونٹ کے لیے ٹیموں کو 4 پولز میں تقسیم کیا گیا ہے۔
پول اے میں پاک کسٹمز، کے پی کے 2، پنجاب 4 اور گلگت بلتستان شامل ہیں۔ پول بی میں پنجاب 1، سندھ 2، بلوچستان اور کے پی کے 1 شامل ہیں۔ پول سی میں پولیس، پنجاب 2، آزاد جموں و کشمیر اور اسلام آباد کی ٹیمیں شامل ہیں جبکہ پول ڈی میں پاک ایجوکیشن بورڈ، سندھ 1، پنجاب 3 اور پاک آرمی شامل ہیں۔چیمپئن شپ کا افتتاحی دن 9 اپریل کو ہوگا جس میں چار میچز کھیلے جائیں گے۔

پہلے میچ میں کے پی کے 2 اور گلگت بلتستان کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی جبکہ دیگر مقابلوں میں سندھ 2 کا مقابلہ بلوچستان سے، کے پی کے 1 کا پنجاب 1 سے اور پاک کسٹمز کا پنجاب 4 سے ہوگا۔ گروپ مرحلے کے میچز 14 اپریل تک جاری رہیں گے جبکہ 15 اپریل کو ٹیموں کو آرام دیا جائے گا۔گروپ مرحلے کے اختتام کے بعد کوارٹر فائنلز 16 اپریل کو کھیلے جائیں گے، جن میں پول اے کی فاتح ٹیم کا مقابلہ پول بی کی رنر اپ سے، پول سی کی فاتح ٹیم کا پول ڈی کی رنر اپ سے، پول بی کی فاتح ٹیم کا پول اے کی رنر اپ سے اور پول ڈی کی فاتح ٹیم کا پول سی کی رنر اپ سے ہوگا۔
کوارٹر فائنلز جیتنے والی ٹیمیں 17 اپریل کو سیمی فائنلز میں مد مقابل آئیں گی، جو دوپہر 1 بجے اور 3 بجے کھیلے جائیں گے۔ ایونٹ کا فائنل اور تیسری پوزیشن کا میچ 19 اپریل کو ہوگا، جہاں تیسری پوزیشن کا میچ دوپہر ڈیڑھ بجے جبکہ فائنل ساڑھے تین بجے کھیلا جائے گا۔

تبصرہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *