کوئٹہ چمن پاک افغان سرحدی علاقوں سمیت شمالی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں خواجہ عمران، گلستان توبہ اچکزئی، قلعہ عبداللہ میزئی اڈا اور پورے چمن قلعہ عبداللہ اور پشین میں کل رات سے وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ شروع ہے ، ندی نالوں میں طغیانی اور نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ تین دن تک مزید بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایات کی ہیں ۔
چمن شہر و گردونواح میں موسلا دھار بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی کے باعث اکثر میدانی علاقے زیرِ آب آگئے ہیں اور بعض علاقوں میں ژالہ باری سے فصلوں اور باغات کو نقصانات پہنچنے کا اندیشہ پایا جاتا ہے ۔ حالیہ شدید بارشوں کے دوران ڈی سی چمن حبیب احمد بنگلزئی نے عوام کو سیلابی ندی نالوں کو پار کرنے سے عوام کو منع کرنے کی درخواست کی ہے۔
ڈی سی چمن نے کہا کہ اگر کسی نے سیلابی ریلوں سے گزرنا ہی ہے تو پھر کسی پل اور محفوظ جگہ سے روڈ پار کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور اپنی زندگیوں کو خطرات سے دو چار نہ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ کبھی نہ آنے سے دیر سے آنا بہتر ہے کیونکہ جان ہے تو جہان ہے اسلئے عوام الناس احتیاط کو اپنی زندگیوں کا لازمی حصہ بنائیں ۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ چمن عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے مستعد ہے اور ضلعی انتظامیہ مشکل کی اس گھڑی میں عوام کیساتھ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کسی بھی ناخوشگوار واقع سے نمٹنے کیلئے الرٹ ہے۔
