ڈپٹی کمشنر ہرنائی ارشد حسین جمالی کی زیر صدارت مدارس کی رجسٹریشن کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر کے مدارس کے نمائندہ وفد اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کا بنیادی مقصد مدارس کی رجسٹریشن کے عمل کو منظم بنانا اور انہیں قانونی دائرہ کار میں لانا تھا۔اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر ہرنائی نےکہا کہ حکومت بلوچستان کی ہدایات کے مطابق تمام مدارس کی رجسٹریشن کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ تعلیمی نظام میں شفافیت، بہتری اور یکسانیت لائی جا سکے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مدارس نہ صرف دینی تعلیم کا اہم ذریعہ ہیں بلکہ معاشرے کی فکری و اخلاقی تربیت میں بھی کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔
ا جلاس میں موجود نمائندگان_مدارس کو آگاہ کیا گیا کہ بلوچستان چیرٹی ریگولیٹری اتھارٹی (BCRA) کے تحت رجسٹرڈ ہونا لازمی ہے۔ اس حوالے سے رجسٹریشن کے طریقہ کار، درکار دستاویزات اور مقررہ وقت 30 اپریل سال 2026 سے پہلے رجسٹریشن کے بارے میں بھی تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ تمام مدارس مقررہ وقت کے اندر اپنی رجسٹریشن مکمل کریں تاکہ کسی بھی قسم کی قانونی پیچیدگی سے بچا جا سکے۔ ضلعی انتظامیہ اس عمل میں مدارس کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی اور کسی بھی مسئلے کی صورت میں فوری رہنمائی فراہم کی جائے گی۔اجلاس کے اختتام پر علماء کرام نے حکومتی اقدامات کو سراہا اور یقین دہانی کرائی کہ وہ رجسٹریشن کے عمل میں بھرپور تعاون کریں گے اور اپنے مدارس کو قانونی تقاضوں کے مطابق رجسٹرڈ کروائیں گے۔
