بلوچستان حکومت شعبہ صحت میں مزید بہتری اور سہولیات کے فروغ کیلئے پرعزم ہے۔وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان ہیلتھ کارڈ پروگرام سے عوام کو مفت اور معیاری علاج کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے، شہریوں کی آسانی کیلئے ہر شہری کا شناختی کارڈ ہی اس کا ہیلتھ کارڈ قرار دیا گیا ہے، نہ صرف بلوچستان میں بلکہ ملک کے بڑے اور پرائیویٹ ہسپتالوں کے نیٹ ورک کو صحت کارڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
انہوںنے کہاکہ بلوچستان ہیلتھ کارڈ پروگرام کے تحت 3لاکھ 45ہزار مریضوں کو علاج کی سہولیات فراہم کی گئیں، ہیلتھ کارڈ کے ذریعے 69ہزار ڈائیلاسز، 44ہزار سے زائد کیموتھراپی اور 1200سے زائد ریڈیوتھراپی سیشنز مکمل کئے گئے۔
انہوں نے کہا کہ دل کے مریضوں کیلئے 7,784اینجیوپلاسٹی اور 575بائی پاس سرجریز کامیابی سے کی گئیں، بچوں کے دل کے 304کیسز کا مفت علاج، ہیلتھ کارڈ پروگرام عوام کیلئے بڑی سہولت بن گیا، ہیلتھ کارڈ کے تحت 3,412نیورو سرجریز اور 12,300آرتھوپیڈک سرجریز کی گئیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ برنز اینڈ پلاسٹک سرجری کے 183کیسز بھی ہیلتھ کارڈ کے تحت مکمل کئے گئے، ماں اور بچے کی صحت کیلئے 55ہزار سے زائد کیسز ہینڈل کئے گئے۔سرفراز بگٹی نے کہا کہ24ہزار 688نارمل ڈیلیوریز اور 20ہزار 344سی سیکشنز ہیلتھ کارڈ کے تحت کئے گئے ہیں، صوبائی حکومت صحت کے شعبے میں مزید بہتری اور سہولیات کے فروغ کے لئے پرعزم ہے۔
