کویت کی افواج کا دعویٰ ہے کہ ملک کا فضائی دفاعی نظام ’دشمن کے میزائل اور ڈرون حملوں کا مقابلہ کرنے میں مصروف ہے۔‘
کویتی فوج کے جنرل سٹاف کی جانب سے ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’اگر دھماکوں کی آوازیں سنائی دیتی ہیں تو وہ دراصل فضائی دفاعی نظام کی جانب سے حملہ آور میزائلوں اور ڈرونز کو فضا ہی میں تباہ کرنے کے نتیجے میں پیدا ہوتی ہیں۔‘
بیان میں شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ متعلقہ حکام کی جانب سے جاری کردہ سکیورٹی اور حفاظتی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔
تاہم بیان میں اس بات کا ذکر موجود نہیں ہے کہ کویت میں کس علاقے میں ان حملوں کا مقابلہ کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ تہران نے گزشتہ ہفتے کویت میں ایک فضائی اڈے کو امریکی فضائی حملوں کے جواب میں نشانہ بنایا تھا جن کے بارے میں اس نے کہا کہ وہ ایرانی کشتیوں اور میزائل حملوں کو شپنگ چینل کے اطراف بارودی سرنگیں بچھانے سے روکنے کے لیے کیے گئے تھے۔
