کراچی سپیشل انویسٹی گیشن یونٹ سی آئی اے کراچی نے مختلف علاقوں میں دو بڑی کاروائیوں کے دوران ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی کے نام پر فراڈ کرنے والے جعلساز اور نوجوان لڑکی کے قتل میں ملوث عادی مجرم کو گرفتار کرلیا۔
ایس ایس پی ایس آئی یو سی ائی اے کے ترجمان ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو نے بتایا کہ ایس ایس پی ایس آئی یو سی آئی اے کراچی کی ہدایت پر ایس آئی یو نے 24 گھنٹے کے دوران دو الگ الگ کامیاب کارروائیاں کیں اور پہلی کارروائی میں جعل سازی میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان نے بتایا کہ ایس آئی یو سی ائی اے ٹیم نے تھانہ پریڈی کی حدود میں کارروائی کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی کے نام پر فراڈ اور جعل سازی میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزم کی شناخت محمد احمد عارف کے نام سے ہوئی ہے اور ملزم کے قبضے سے سندھ اسمبلی کی مہر، سندھ اسمبلی کے سروس کارڈ کی کاپی اور ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی کے نام کے لیٹر پیڈ برآمد ہوئے ہیں۔
