انٹرنیشنل

انڈونیشیا میں 7.7 شدت کا زلزلہ، 20 افراد جاں بحق، آفٹر شاکس جاری

جکارتہ(مانیٹرنگ ڈیسک) انڈونیشیا کے ساحل کے قریب 7.7 شدت کا زلزلہ آ گیا، آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے، 20 افراد جاں بحق ہو گئے۔
انڈونیشیا کے ساحل کے قریب آج صبح شدید زلزلہ آیا، جس کے بعد کئی آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گئے، جن میں ایک کی شدت 6.1 ریکارڈ کی گئی۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 7.7 ریکارڈ کی گئی، زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح 4:58 بجے تقریباً 15 کلومیٹر گہرائی میں آیا، انڈونیشیا کی جیو فزکس ایجنسی نے ابتدائی طور پر سونامی کی وارننگ جاری کی گئی، تاہم زلزلےکے 3 گھنٹے بعد سونامی کی وارننگ واپس لےلی گئی۔
’’دنیا نیوز ‘‘ کے مطابق انڈونیشیا کے علاقے ماؤمیرے میں امدادی ٹیمیں تباہ شدہ عمارتوں میں پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے کام کر رہی ہیں۔زلزلے کے باعث جزیرۂ فلورس کے مرکزی شہر ماؤمیرے میں لوگ گھروں سے نکل کر سڑکوں پر آ گئے۔
قومی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی نے اپنے بیان میں کہا کہ اس وقت ترجیح عوام کی حفاظت اور آفٹر شاکس یا دیگر خطرات کے باعث مزید جانی نقصان کو روکنا ہے۔
ادارے نے لوگوں کو پرسکون رہنے اور ساحلی علاقوں سے دور رہنے کا مشورہ دیا ہے اور کہا ہے کہ لوگوں کو عمارتوں میں داخل ہونے سے بھی گریز کرنا چاہئے، خاص طور پر ایسی عمارتوں میں جن میں پہلے ہی دراڑیں پڑ چکی ہوں یا جن کی ساخت کو نقصان پہنچا ہو۔ہلاکتوں اور نقصان کے حجم کا تعین کرنے کے لیے فوری جائزہ لیا جا رہا ہے اور معلومات کی تصدیق کے بعد مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی۔
دوسری جانب آسٹریلیا کے سونامی وارننگ سینٹر نے کہا ہے کہ سمندر کے اندر آنے والے اس زلزلے سے آسٹریلوی سرزمین، جزائر یا علاقوں کو سونامی کا کوئی خطرہ نہیں۔

تبصرہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *