برمنگھم کے ایجبسٹن کرکٹ گراونڈ پر تیسرے اور آخری ٹیسٹ کا ٹاس میزبان انگلینڈ کے کپتان جوروٹ جیتے اور انہوں نے پہلے فیلڈنگ کا انتخاب کیا۔
انگلینڈ نے ہیڈنگلے اور لارڈز پر کھیلنے والی اپنی گیارہ ارکان پر مشتمل ٹیم کو برقرار رکھالیکن پاکستان نے 4 تبدیلیاں کیں، وکٹ کیپر محمد رضوان، اوپنر امام الحق فاسٹ بولر خرم شہزاد اور اسپنر علی عثمان کی جگہ اوپنر صائم ایوب کیساتھ 3 کھلاڑیوں وکٹ کیپر غازی غوری، آل راؤنڈر عمران رندھاوا اور فاسٹ بولر رضا اللہ کو ڈیبیو کروایا گیا۔
پاکستان کی اننگز کا آغاز اچھا نہیں تھا، جنوری 2025 کے بعد ٹیسٹ ٹیم میں واپس آنے والے بائیں ہاتھ کے اوپنر صائم ایوب تیسرے اوور میں 10 گیند یں کھیل کر صفر پر پویلین لوٹنے والے پہلے بیٹس مین تھے۔ اس کے بعد تو پاکستان کی وکٹیں گرنے کا ایسا سلسلہ شروع ہوا کہ کھانے کے وقفے تک 7 وکٹیں گر چکی تھیں۔
واروکشائر کاؤنٹی کے ہوم گراؤنڈ پر جہاں 1994 میں ڈرھم کے لیے ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان برائن لارا نے فرسٹ کلاس کرکٹ کی سب سے بڑی 501 ناٹ آوٹ رنز کی اننگز کھیلی تھی۔
پاکستان کے بلے باز جیسے بیٹنگ کرنا ہی بھول چکے تھے۔ ایک بیٹس مین آرہا تھااور دوسرا جا رہا تھا۔ پاکستان کی اننگز کے 14ویں اوور میں سعود شکیل خوش قسمت ثابت ہوئے جب سلپ میں بین ڈکٹ نے گس ایٹکنسن کی گیند پر 7 رنز پر ان کا کیچ گرا دیا۔
پاکستان کی اننگز میں شروع کے 7 بلے باز ڈبل فیگر میں نہ پہنچ سکے، نمبر 9 پر رضا اللہ نے 11 اور نمبر 10 پر کھیلنے والے محمد عباس نے 21 رنز بنائے۔ البتہ پاکستان کی اننگز میں ٹاپ اسکورر سعود شکیل ثابت ہوئے جنہوں نے نمبر 6 پر بیٹنگ کرتے ہوئے 47 گیندوں پر 9 چوکوں کیساتھ 43 رنز اسکور کیے۔ کھانےکے وقفے کے بعد پاکستانی ٹیم 33.5 اوورز میں 133 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
دورہ انگلینڈ کی 5 اننگز میں یہ تیسرا موقع تھا جب پاکستان ٹیم 40 اوورز نہ کھیل سکی۔ انگلینڈ کے لیے جوش ٹونگے نے 4/42 کی عمدہ بولنگ پرفارمینس پیش کی جبکہ اولے رابنسن اور جوفرا آرچر نے 3,3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پاکستان کی اننگز میں صائم ایوب کو ایل بی ڈبلیو کر کے رابنسن نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 100وکٹ حاصل کی، سسیکس کاؤنٹی کے 32 سال کے دائیں ہاتھ کے تیز بولر کا یہ 24 واں ٹیسٹ ہے۔
جواب میں پہلے دن کھیل کے اختتام پر انگلینڈ نے 39 اوورز کی بیٹنگ میں 4 وکٹ کے نقصان پر 156 رنز بناکر پاکستان کے خلاف پہلی اننگز میں 23 رنز کی برتری اپنے نام کر لی تھی۔
اوپنر ایمیلو گے نے 60 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان کی جانب سے پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے دائیں ہاتھ کے تیز بولر رضا اللہ نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پاکستانسپورٹس
ایجبسٹن ٹیسٹ کے پہلے دن پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 133 رنز بناکر آؤٹ، انگلینڈ کے 4 وکٹ پر 156 رنز
