اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی اور جمعیت علمائے اسلام کے رہنما مولانا عبدالغفور حیدری کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں ملکی سیاسی صورتحال سمیت مختلف اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر علی نے کہا کہ پارلیمنٹ کے اندر اپوزیشن جماعتیں مشترکہ لائحہ عمل اختیار کریں گی۔ قومی ایشوز پر تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے گا جبکہ صوبوں سے متعلق معاملات سمیت اہم مسائل پر آل پارٹیز کانفرنس بلانے کے لیے مشاورت کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ متحدہ اپوزیشن کے پلیٹ فارم سے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا، آج کی ملاقات انتہائی اہم رہی ہے۔ بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ہمارا لانگ مارچ انصاف کے حصول کے لیے ہے اور یہ مکمل طور پر پ±رامن ہوگا۔اس موقع پر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ ملاقات میں مختلف اہم امور زیر غور آئے جبکہ آل پارٹیز کانفرنس بلانے پر بھی مشاورت ہوئی ہے۔ نئے صوبوں کے معاملے سمیت دیگر سیاسی اور قومی معاملات بھی زیر بحث آئے۔مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں بدامنی کی لہر جاری ہے، جبکہ ملک میں مہنگائی اور امن و امان کی صورتحال بھی اہم مسائل ہیں۔ ان تمام معاملات کو آل پارٹیز کانفرنس میں زیر غور لایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ محب وطن سیاسی جماعتیں ملک کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں گی اور تمام جماعتیں مل کر مشترکہ حکمت عملی تشکیل دیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ جمعیت علمائے اسلام ملک بھر میں ورکرز کنونشنز بھی منعقد کررہی ہے۔مولانا عبدالغفور حیدری کے مطابق آل پارٹیز کانفرنس کا بنیادی مقصد تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے بہتر اور مو¿ثر نتائج حاصل کرنا ہے۔
اہم خبرپاکستان
متحدہ اپوزیشن کا مشترکہ لائحہ عمل اپنانے کا فیصلہ، اے پی سی بلانے پر مشاورت
