اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت خلیج کی صورتحال کے پیش نظر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے کم آمدنی اور متوسط طبقے کو ریلیف کی فراہمی کے لیے پی ایم اسپیشل ریلیف اسکیم کے پیش رفت پر اعلیٰ سطح اجلاس ہوا۔اسکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو فیول سبسڈی فراہم کی جائیگی۔ وزیراعظم نے سبسڈی ریلیف حاصل کرنے کے لیے رجسٹریشن کے لیے درکار ایس ایم ایس کو مفت کرنے کی ہدایت کی۔اسلام آباد کے رہائشیوں کے لیے فیول سبسڈی اسکیم 14 اور 15 ستمبر کی درمیانی شب شروع کر دی جائے گی، جبکہ ملک بھر بشمول آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں 16 اور 17 ستمبر کی درمیانی شب سے پٹرول پر ریلیف حاصل کیا جا سکے گا۔وزیراعظم نے چیف کمشنر اور آئی جی اسلام آباد سمیت انتظامیہ کو عوام کی رہنمائی کے لیے فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت کی اور کہا کہ عوام کو رجسٹریشن اور دیگر ضروری مراحل میں ہر ممکن رہنمائی فراہم کی جائے۔وزیراعظم نے ملک بھر میں عوامی نمائندوں اور رضاکاروں کو عوام کی رہنمائی کے لیے متحرک کرنے کی ہدایت کی اورکہا کہ رضاکار عوام کو فیول سبسڈی اسکیم کی رجسٹریشن اور دیگر ضروری مراحل مکمل کرنے میں رہنمائی فراہم کریں۔وزیراعظم نے فیول سبسڈی اسکیم کے حوالے سے بھرپور میڈیا آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پرنٹ، الیکٹرانک، ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا سمیت تمام پلیٹ فارمز پر آگاہی مہم کو تیز رفتاری سے چلایا جائے، فیول سبسڈی اسکیم کے ثمرات زیادہ سے زیادہ مستحق شہریوں تک پہنچانے کے لیے تمام دستیاب ذرائع بروئے کار لائے جائیں، اسکیم کی کامیابی کے لیے عوام کو بروقت معلومات اور رہنمائی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔اجلاس کو بریفنگ میںبتایا گیا کہ اسلام آباد ریجن میں اسکیم کے آغاز سے آج سہ پہر تک 6 لاکھ سے زائد ایس ایم ایس موصول ہو چکے ہیں، موصول ایس ایم ایس میں سے 42 ہزار 933 درخواست گزار پی ایم اسپیشل ریلیف اسکیم کے لیے کامیابی سے رجسٹر ہو چکے ہیں، فیول سبسڈی اسکیم کے لیے رجسٹریشن میں صرف چار معلومات درکار ہوں گی، شناختی کارڈ نمبر، گاڑی کا نمبر پلیٹ، رجسٹریشن کا صوبہ اور گاڑی کی رجسٹریشن کی تاریخ اس اسکیم میں رجسٹریشن کے لیے درکار چار بنیادی معلومات ہیں،فیول سبسڈی اسکیم کی مکمل تفصیلات اردو ویب سائٹ www.pmfuelrelief.pk? پر دستیاب ہیں، اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراءڈاکٹر مصدق مسعود ملک، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطا اللہ تارڑ، علی پرویز ملک، شزا فاطمہ خواجہ، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی طارق باجوہ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے
اہم خبرپاکستان
وزیراعظم کی سبسڈی ریلیف کی رجسٹریشن کے لیے درکار ایس ایم ایس کو مفت کرنے کی ہدایت
