اہم خبربلوچستان

سیاسی قیادت کی اصل عظمت اقتدار نہیں، عوام کے اعتماد اور خدمت میں ہے، گورنر بلوچستان

کوئٹہ : گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ میرے چالیس سالہ سیاسی کیرئیر نے یہی سبق دیا ہے کہ سیاسی قیادت کی اصل عظمت اقتدار کی بجائے عوام کے اعتماد، اور خدمت میں پوشیدہ ہے۔ ہم وہ لوگ ہیں جو عوام کی خوشی کو اپنی خوشی سمجھتے ہیں اور ان کے دکھ کو اپنا دکھ محسوس کرتے ہیں۔ میری سیاست کا محور ہمیشہ عوامی خدمت رہی ہے۔ سیاست کو ذاتی مفاد یا اقتدار کے حصول کا ذریعہ بنانے کے بجائے اسے انسانوں کی زندگی بہتر بنانے، نئی نسل کو مواقع فراہم کرنے اور معاشرے کی تعمیر کا وسیلہ بنانے پر اپنی بھرپور توجہ مرکوز کر رکھی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاس کوئٹہ میں مختلف وفود سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ یہ بات میرے باعث اطمینان ہے کہ اپنی سیاسی زندگی میں تعلیم، صحت اور عوامی فلاح و بہبود کے شعبوں میں میرے ہاتھوں سے ایسے متعدد تاریخی منصوبے پای تکمیل تک پہنچے جن سے آج مختلف اضلاع کے لاکھوں لوگ مستفید ہو رہے ہیں۔ میرے نزدیک کسی منصوبے کی اصل کامیابی اس کی عمارت نہیں بلکہ اس سے پیدا ہونے والا انسانی فوائد ہیں۔ میری سب سے بڑی خواہش یہ ہے کہ ان تناور درختوں کا سایہ اور ان کے ثمرات ہماری آنے والی کئی نسلوں تک پہنچتے رہیں۔ گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ تعلیم میری سب سے بڑی ترجیح اور میرے سیاسی وژن کا بنیادی ستون ہے کیونکہ سڑکیں، عمارتیں اور پل معاشرے کو سہولت دے سکتے ہیں مگر تعلیم انسان کو اپنی تقدیر بدلنے کی طاقت دیتی ہے۔ میں نے اپنی زندگی میں جن درجنوں تعلیمی اداروں کی بنیاد رکھی ہیں وہ آج وقت کے ساتھ تناور درخت بن چکے ہیں۔ ان اداروں سے نکلنے والے ہزاروں طلبہ و طالبات صرف اپنے خاندانوں کا مستقبل نہیں سنوار رہے بلکہ ملک و قوم کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ایک سکول کی بنیاد دراصل ایک نسل کی بنیاد ہوتی ہے، ایک کالج کی تعمیر مستقبل کے ہزاروں خوابوں کی تعمیر ہوتی ہے جبکہ ایک یونیورسٹی پوری نسلوں کے فکری مستقبل کو بدل سکتی ہے۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ پل پل بدلتی میں نمایاں ہونے والی معاشی اور سیاسی تبدیلیوں کے پیش نظر ہمیں انسانی صلاحیتیں تعمیر کرنی ہوگی اور ہم نے ایسے ذہن پیدا کرنے ہیں جو بلوچستان کو علمی ترقی اور جدید معیشت کی طرف لے جا سکیں

تبصرہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *