اہم خبربلوچستان

بیٹیوں کو کھیلوں کے بہتر مواقع دے کر صلاحیتیں اجاگر کی جائیں,ربابہ بلیدی

کوئٹہ: صوبائی مشیر برائے محکمہ ترقیِ نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے نوجوان خصوصاً ہماری بیٹیاں بے پناہ صلاحیتوں کی مالک ہیں، کھیل کے میدانوں میں ان کی کامیابیاں نہ صرف بلوچستان بلکہ پاکستان کے لیے بھی باعثِ فخر ہیں۔ نوجوانوں کو کھیلوں کے بہتر مواقع اور سہولیات فراہم کرکے ان کی صلاحیتوں کو ملک و قوم کی خدمت کے لیے بروئے کار لایا جاسکتا ہے۔7ویں خواتین بلوچستان ووشو چیمپئن شپ 2026 کی اختتامی تقریب میں بطور چیف گیسٹ خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ کھیل کے میدان نوجوانوں میں خوداعتمادی، نظم و ضبط، برداشت اور قیادت کی صلاحیتیں پیدا کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ بلوچستان کے نوجوانوں نے مختلف کھیلوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے اور وہ قومی و بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بیٹیاں کھیل کے میدان میں کامیابیاں حاصل کرکے بلوچستان کی ایک مثبت اور روشن تصویر دنیا کے سامنے پیش کر رہی ہیں۔ ان کی حوصلہ افزائی اور سرپرستی ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ محکمہ ترقیِ نسواں خواتین اور بچیوں کی فلاح و بہبود، ان کے حقوق کے تحفظ، تعلیم، صحت، خوداعتمادی اور معاشرے میں باوقار و فعال کردار کے لیے موثر اقدامات کررہا ہے۔ خواتین اور بچیوں کو کھیلوں سمیت مختلف شعبوں میں آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کرنا صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ترقیِ نسواں کا مقصد خواتین اور بچیوں کو ایسا سازگار ماحول فراہم کرنا ہے جہاں وہ اپنی صلاحیتوں کو بھرپور انداز میں بروئے کار لاسکیں۔ کھیلوں کی سرگرمیاں بچیوں میں خوداعتمادی، جسمانی صحت، نظم و ضبط اور قیادت کی صلاحیتیں پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، اس لیے خواتین کے لیے کھیلوں کے مواقع میں مزید اضافہ ضروری ہے۔ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ جب بلوچستان کا نوجوان کھیل کے میدان میں کامیابی حاصل کرتا ہے تو اس کامیابی کی خوشی پورے پاکستان کی خوشی ہوتی ہے، کیونکہ ہمارے نوجوان ہی ملک کا روشن مستقبل ہیں۔انہوں نے کہا کہ ووشو سمیت دیگر کھیلوں میں بلوچستان کی بچیوں کی بڑھتی ہوئی شرکت ایک مثبت اور حوصلہ افزا رجحان ہے۔ ہماری بیٹیاں اپنی محنت، عزم اور صلاحیت کے ذریعے یہ ثابت کر رہی ہیں کہ انہیں اگر مناسب مواقع، تربیت اور سہولیات فراہم کی جائیں تو وہ نہ صرف بلوچستان بلکہ پاکستان کا نام بھی روشن کرسکتی ہیں۔ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ بلوچستان کی بچیاں تعلیم، کھیل، ہنر اور دیگر شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کررہی ہیں۔ حکومت خواتین اور بچیوں کی سرپرستی اور ان کے لیے مواقع پیدا کرنے کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر اقدامات جاری رکھے گی تاکہ بلوچستان کی بیٹیاں نہ صرف صوبے بلکہ پاکستان کا نام قومی و بین الاقوامی سطح پر روشن کرسکیں۔ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ کھیل صرف جسمانی صحت اور فٹنس کا ذریعہ نہیں بلکہ نوجوان نسل میں مثبت سوچ، خوداعتمادی، برداشت، نظم و ضبط اور آگے بڑھنے کا جذبہ بھی پیدا کرتے ہیں۔ خصوصاً لڑکیوں کے لیے کھیلوں کے میدان انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار، اعتماد میں اضافے اور معاشرے میں فعال کردار ادا کرنے کے بہتر مواقع فراہم کرتے ہیں۔

تبصرہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *