اہم خبربلوچستان

عوامی مینڈیٹ نظرانداز کرکے بلوچستان کے حقوق پر سمجھوتہ قبول نہیں، عبدالواسع

کوئٹہ ٌ جمعیت علماءاسلام بلوچستان کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع اور جنرل سیکرٹری مولانا آغا محمود شاہ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام کا سب سے پہلا اور بنیادی حق ان کا حقِ رائے دہی ہے، لیکن بدقسمتی سے عوام سے یہی حق چھین کر اس کے بعد صوبے کے سائل و وسائل، معدنی ذخائر اور اجتماعی حقوق پر سمجھوتوں کی راہ ہموار کی جارہی ہے۔ عوام کے ووٹ اور حقیقی مینڈیٹ کو نظرانداز کرکے مصنوعی سیاسی کھیپ تیار کرنا دراصل بلوچستان کے عوام کے حقِ حاکمیت پر حملہ ہے، جس کے ذریعے صوبے کے وسائل پر قبضے اور حقوق پر شب خون مارنے کی راہ ہموار کی جارہی ہے۔ جمعیت علماءاسلام ایسی تمام محلاتی سازشوں کو بے نقاب کرے گی اور ان کے راستے میں مضبوط سیاسی بند باندھے گی۔انہوں نے کہا کہ جے یو آئی نے بلوچستان کے حقوق کی خاطر اقتدار کو ٹھوکر ماری، لیکن اصولوں، آئین اور صوبے کے اجتماعی مفادات پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔ ریکوڈک ہو، سیندک ہو، این ایچ اے کے معاملات ہوں یا اٹھارہویں آئینی ترمیم، جب بھی بلوچستان کے حقوق، وسائل اور صوبائی اختیار کا سوال آیا، جمعیت علماءاسلام نے میدان میں آکر صوبے کا مقدمہ پوری قوت سے لڑا۔ آج راتوں رات نجی ہوٹلوں میں سیاسی بندوبست اور مصنوعی سیاسی کھیپ تیار کرکے بلوچستان کے عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے، ایسے عناصر بلوچستان کے عوام کے حقیقی نمائندے ہونے کا دعویٰ نہیں کرسکتے۔ بلوچستان کی نمائندگی بند کمروں اور نجی ہوٹلوں میں نہیں بلکہ عوام کے ووٹ اور حقیقی مینڈیٹ سے ہوتی ہے۔رہنما¶ں نے کہا کہ جمعیت علماءاسلام کی جدوجہد کسی ایک ضلع، علاقے یا قوم تک محدود نہیں بلکہ گوادر سے ژوب و شیرانی تک بلوچستان کے طول و عرض میں آباد تمام اقوام اور طبقات کے آئینی، سیاسی، معاشی اور بنیادی حقوق کی جدوجہد ہے۔ صوبے کے وسائل پر اختیار، عوام کے حقِ حاکمیت، حقیقی جمہوری نمائندگی اور آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کے لیے جے یو آئی کی جدوجہد جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماءاسلام کے غیر متزلزل، اصولی اور دوٹوک م¶قف پر عوام کا بڑھتا ہوا اعتماد اس بات کا اظہار ہے کہ بلوچستان کے عوام مصنوعی بندوبست نہیں بلکہ اپنے حقیقی حقِ رائے دہی، آئینی حقوق اور عوامی مینڈیٹ کا تحفظ چاہتے ہیں۔

تبصرہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *