اسلام آباد: وزارتِ اطلاعات و نشریات نے افغان طالبان حکومت کی جانب سے نورستان میں ہونے والی مبینہ جھڑپوں اور تشدد کو پاکستان سے جوڑنے کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیا ہے۔وزارتِ اطلاعات کے مطابق پاکستان نورستان سمیت افغانستان کے کسی بھی علاقے میں داخلی جھڑپوں کے دوران پاکستانی سیکیورٹی فورسز یا انٹیلی جنس اداروں کی مداخلت کے الزامات کو دوٹوک مسترد کرتا ہے۔ سابق افغان سیکیورٹی اہلکاروں کی بھرتی و تربیت یا داعش سمیت کسی بھی دہشت گرد گروہ کو سہولت فراہم کرنے سے متعلق الزامات بھی بے بنیاد ہیں۔وزارت کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ملوث ہونے کے حوالے سے اب تک کوئی قابلِ اعتبار ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔ نہ کسی فرد کی شناخت، دستاویزات، مواصلاتی ریکارڈ، فرانزک شواہد یا آزادانہ تصدیق سامنے آئی ہے جو ان الزامات کی تائید کرتی ہو۔وزارتِ اطلاعات نے سوشل میڈیا پر پاکستان کے خلاف ثبوت کے طور پر گردش کرنے والی مبینہ ویڈیو پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ ویڈیو میں چند غیر مسلح افراد دکھائی دیتے ہیں جو مناسب لباس یا جنگی سازوسامان سے بھی لیس نہیں۔ وزارت کے مطابق ویڈیو بظاہر افغان طالبان حکومت کی جانب سے پہلے سے منصوبہ بندی کے تحت تیار کی گئی معلوم ہوتی ہے۔وزارت نے کہا کہ افغانستان میں مختلف دہشت گرد گروہوں کی موجودگی اور سرگرمیوں کا ذکر اقوام متحدہ سمیت دیگر غیر جانب دار عالمی اداروں کی رپورٹس میں بھی موجود ہے۔ پاکستان کو دہشت گرد گروہوں سے جوڑنے کی کوشش افغانستان میں ان گروہوں کی موجودگی اور انہیں حاصل مبینہ محفوظ پناہ گاہوں سے متعلق سوالات کو ختم نہیں کرسکتی۔وزارتِ اطلاعات کے مطابق افغان طالبان حکومت کی جانب سے پاکستان پر دہشت گردی کی حمایت کا الزام عائد کرنا قابلِ سوال ہے، کیونکہ افغانستان سے سرگرم مختلف دہشت گرد تنظیمیں پاکستان اور خطے کی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دی جاتی رہی ہیں۔پاکستان نے افغان طالبان حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے داخلی سیکیورٹی چیلنجز کی ذمہ داری دوسروں پر ڈالنے کے بجائے افغانستان میں موجود دہشت گرد تنظیموں کے خلاف مو¿ثر، قابلِ اعتماد اور قابلِ تصدیق کارروائی کرے۔وزارتِ اطلاعات نے کہا کہ افغان سرزمین کو پاکستان یا کسی دوسرے ملک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دینے سے متعلق اپنے وعدوں کو پورا کرنا افغان حکام کی ذمہ داری ہے۔وزارت کے مطابق افغان طالبان حکومت کے ایسے الزامات داخلی اختلافات اور خواتین، بچوں اور اقلیتوں سے متعلق مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوشش بھی ہوسکتے ہیں۔ وزارتِ اطلاعات نے اپنے مو¿قف کے اختتام پر کہا کہ سچ جھوٹ پر غالب آتا ہے۔
اہم خبرپاکستان
نورستان جھڑپ، پاکستان نے افغان طالبان کے الزامات مسترد کر دیے: وزراتِ اطلاعات
