اہم خبربلوچستان

نوجوانوں کو معیاری تعلیم کے مواقع دینا بلوچستان کے مستقبل کیلئے اہم ہے,عبدالمالک بلوچ

کوئٹہ:سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کے دفتر کا دورہ کیا، جہاں انہیں ادارے کی مجموعی کارکردگی، جاری تعلیمی اقدامات اور مختلف اسکالرشپ اسکیمز کے حوالے سے تفصیلی آگاہی دی گئی۔اس موقع پر بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر خالد ماندائی نے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کا استقبال کیا اور انہیں ادارے کے مختلف امور، اسکالرشپ پروگرامز اور طلبہ و طالبات کی تعلیمی معاونت کے لیے جاری اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہیں بتایا گیا کہ بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ صوبے کے باصلاحیت، مستحق اور میرٹ پر پورا اترنے والے طلبہ و طالبات کو معیاری تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کے لیے مختلف اسکالرشپ پروگرامز پر عملدرآمد کر رہا ہے۔ ان پروگرامز کا مقصد مالی معاونت کے ذریعے طلبہ و طالبات کے تعلیمی سفر کو جاری رکھنے اور اعلیٰ تعلیم کے حصول کے مواقع کو بہتر بنانا ہے اس موقع پر ادارے کی مختلف اسکالرشپ اسکیمز اور ان کے دائرہ کار کے حوالے سے بھی تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا اور بتایا گیا کہ مکمل مالی معاونت پر مبنی ضلعی ٹاپر اسکالرشپ کے تحت ہر ضلع کی سطح پر نمایاں تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کو مکمل مالی معاونت فراہم کی جاتی ہے، تاکہ وہ اپنی تعلیم کو مزید آگے بڑھا سکیں۔ٹرانس جینڈر اسکالرشپ کے ذریعے ٹرانس جینڈر طلبہ کو تعلیمی مواقع فراہم کرنے اور ان کی تعلیمی ضروریات میں معاونت کے لیے وظائف دیے جاتے ہیں، جبکہ سول شہداء اسکالرشپ کے تحت سول شہداء کے بچوں کو تعلیمی معاونت فراہم کی جاتی ہے تاکہ وہ مالی مشکلات کے بغیر اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں مکمل مالی معاونت پر مبنی صادق پبلک اسکول اسکالرشپ کے ذریعے منتخب باصلاحیت طلبہ کو صادق پبلک اسکول میں معیاری تعلیم کے حصول کے لیے مکمل مالی معاونت فراہم کی جاتی ہے۔ کیڈٹ ایکسیلینس اسکالرشپ کے تحت کیڈٹ کالجز میں تعلیم حاصل کرنے والے نمایاں اور باصلاحیت طلبہ کی تعلیمی معاونت کی جاتی ہے بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کی صوبے سے باہر اسکالرشپ کے ذریعے بلوچستان کے ایسے طلبہ کو معاونت فراہم کی جاتی ہے جو صوبے سے باہر اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں، تاکہ انہیں اعلیٰ تعلیم کے حصول میں مالی سہولت میسر ہو۔ اسی طرح جزوی مالی معاونت پر مبنی اسکالرشپ کے تحت اہل طلبہ کو تعلیمی اخراجات کی مد میں جزوی مالی معاونت فراہم کی جاتی ہے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر خالد ماندائی نے ادارے کے اسکالرشپ نظام، طلبہ کی سہولت، میرٹ پر مبنی طریقہ کار اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ مختلف اسکالرشپ اسکیمز کا مقصد بلوچستان کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے باصلاحیت اور مستحق طلبہ و طالبات کو تعلیم کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کی جانب سے طلبہ و طالبات کے لیے جاری مختلف اسکالرشپ پروگرامز اور تعلیمی اقدامات کو سراہا۔ اور وزیر اعلیٰ بلوچستان کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات پر مسرت و اطمینان کا اظہار کیا انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو معیاری تعلیم کے مواقع فراہم کرنا صوبے کے روشن مستقبل کے لیے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ تعلیمی وظائف کی فراہمی میں میرٹ، شفافیت اور مستحق طلبہ تک رسائی کو بنیادی اہمیت دی جائے۔ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کے مختلف شعبہ جات کا بھی دورہ کیا اور ادارے کے انتظامی و تعلیمی امور کا جائزہ لیا۔ انہوں نے طلبہ و طالبات کی تعلیمی معاونت اور اسکالرشپ پروگرامز کے حوالے سے ادارے کی سرگرمیوں میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔ دورے کے دوران بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کے افسران اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ادارے کی موجودہ سرگرمیوں، اسکالرشپ پروگرامز اور بلوچستان کے طلبہ و طالبات کے لیے تعلیمی مواقع کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

تبصرہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *