اہم خبرپاکستان

وفاقی حکومت کا سول ایوارڈز کے نظام میں اصلاحات کا فیصلہ

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملک میں سول ایوارڈز عطا کرنے کے موجودہ نظام پر نظر ثانی کرنے کا بڑا فیصلہ کرتے ہوئے طریقہ کار کو مزید شفاف، معروضی اور میرٹ پر مبنی بنانے کے لیے ایک اعلیٰ سطح کی 16 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ کابینہ ڈویڑن نے اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔وزیراعظم کی ہدایت پر قائم کی جانے والی اس جائزہ کمیٹی کے کنوینر سابق سیکرٹری محمود کھوسہ ہوں گے۔ کمیٹی سول ایوارڈز کی نامزدگیوں، جانچ پڑتال، قانونی فریم ورک اور اہلیت کے معیار کا جامع جائزہ لے گی۔ اس کے علاوہ یہ کمیٹی موجودہ نظام میں موجود خامیوں اور ابہام کی نشاندہی کر کے ایوارڈز کے عمل کو سیاسی اور دیگر غیر ضروری اثر و رسوخ سے مکمل طور پر آزاد بنانے کے لیے ٹھوس سفارشات مرتب کرے گی۔نوٹیفیکیشن کے مطابق کمیٹی میں چیئرمین واپڈا سمیت کابینہ ڈویڑن، پارلیمانی امور، ایف بی آر اور کامرس کے سیکریٹریز کے علاوہ پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے چیف سیکریٹریز بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ نامور شخصیات سجاد قاضی اور جمال شاہ بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔ کمیٹی قومی شمولیت اور مساوات کو یقینی بناتے ہوئے ایوارڈز کے نظام کو غیر صوابدیدی اور زیادہ معتبر بنانے کے لیے اپنی تجاویز پیش کرے گی۔

تبصرہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *