اہم خبربلوچستان

بی ٹیوٹا، اے ڈی بی کا مارکیٹ ضروریات کے مطابق ہنرمند افرادی قوت تیار کرنے کا فیصلہ

کوئٹہ :منیجنگ ڈائریکٹر بلوچستان ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (BTEVTA)عبدالکبیر زرکون اور ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) کے نمائندوں خرم اور بلال نے کہا ہے کہ بی ٹیوٹا اور ایشیائی ترقیاتی بینک بزنس کمیونٹی کو درکار ہنرمند افرادی قوت کی تیاری کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے، بلوچستان میں کان کنی، زراعت، گلہ بانی، ٹرانسپورٹ، ماہی گیری، تعمیرات اور دیگر پیداواری شعبوں کو جدید خطوط پر استوار کیے بغیر پاکستان اور بلوچستان کی معاشی خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان میں منعقدہ ایک سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے صدر حاجی محمد ایوب مریانی اور نائب صدر انجینئر میر وائس خان کاکڑ نے بی ٹیوٹا، ایشیائی ترقیاتی بینک اور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری پر مشتمل مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام کی تجویز پیش کی۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں کان کنی، ہوٹلنگ، تعمیراتی شعبے، فروٹ اینڈ ویجیٹیبل پروسیسنگ اور دیگر اہم شعبوں کے لیے ہنرمند افراد کی تعداد انتہائی کم ہے جس کے باعث انہیں دوسرے صوبوں سے ہنر مند افراد کی ضرورت پورا کر نا پڑ رہی ہے ۔ موجودہ دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ اسکلڈ لیبر کی تیاری وقت کی اہم ضرورت ہے۔چیمبر عہدیداران نے کہا کہ بلوچستان کی بزنس کمیونٹی صوبے میں فنی و پیشہ ورانہ تربیت کے فروغ کے لیے بی ٹیوٹا، ایشیائی ترقیاتی بینک اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری طبقے کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تربیتی پروگرام تشکیل دیے جائیں تو صوبے کے نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونے کے ساتھ ساتھ صنعتی و معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ سرکاری اداروں، ترقیاتی شراکت داروں اور بزنس کمیونٹی کے درمیان مثر رابطہ اور باہمی تعاون ہی کے ذریعے بلوچستان میں فنی تعلیم اور ہنرمند افرادی قوت کے نظام کو مزید موثر بنایا جاسکتا ہے۔منیجنگ ڈائریکٹر بلوچستان ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (BTEVTA)عبدالکبیر زرکون اور ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB)کے نمائندوں خرم اور بلال نے سیشن کے شرکا سے اظہار خیال کر تے ہو ئے کہا کہ بلوچستان میں مختلف شعبوں سے وابستہ افراد کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہنر فراہم کرنا ناگزیر ہے جب تک صوبے میں مطلوبہ تعداد میں ہنرمند افرادی قوت دستیاب نہیں ہوگی یہاں کے صنعتکار، ہوٹلنگ، زمینداری، کان کنی، ماہی گیری اور دیگر شعبوں سے وابستہ افراد ملک کے دوسرے صوبوں میں انہی شعبوں سے وابستہ افراد کے ساتھ موثر انداز میں مقابلہ نہیں کر سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ سیشن کا بنیادی مقصد بزنس کمیونٹی سے مختلف شعبوں میں درکار اسکلڈ لیبر اور دیگر ضروریات کے بارے میں آگاہی حاصل کرنا تھا تاکہ ٹیکنیکل اور ووکیشنل تربیت کے پروگراموں کو مارکیٹ اور صنعت کی حقیقی ضروریات کے مطابق ترتیب دیا جاسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ بی ٹیوٹا اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے صوبے میں ہنرمند افرادی قوت کی تیاری کے لیے مربوط اقدامات کیے جائیں گے۔مقررین نے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے بلوچستان بھر کے تکنیکی ادارے بی ٹیوٹا کے زیرانتظام دینے کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ ان اداروں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے گا، تربیتی نظام کو بہتر بنایا جائے گا اور نوجوانوں کو ایسے ہنر فراہم کیے جائیں گے جن کی مقامی و قومی سطح پر مارکیٹ میں طلب موجود ہے۔تقریب کے اختتام پر معزز مہمانوں کو چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔

تبصرہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *