کوئٹہ:ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس کوئٹہ عمران شوکت نے پولیس افسران و اہلکاروں کی جانب سے یونیفارم میں ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے اور بغیر اجازت سوشل میڈیا پر محکمانہ مواد شیئر کرنے پر پابندی عائد کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ نوٹیفکیشن میں تمام افسران و اہلکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ محکمانہ خبریں، تصاویر، ویڈیوز اور دیگر معلومات صرف پی آر او برانچ کے ذریعے جاری کی جائیں، جبکہ میڈیا اداروں کو براہ راست انٹرویوز، بیانات یا سرکاری معلومات فراہم کرنے سے بھی گریز کیا جائے۔ اعلامیے کے مطابق بارہا ہدایات کے باوجود بعض پولیس افسران و اہلکار مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پولیس کی سرکاری کارکردگی، آپریشنل اپ ڈیٹس اور محکمانہ مواد شیئر کررہے ہیں، جو ضابطے کی خلاف ورزی ہے۔ کسی بھی افسر یا اہلکار کو ڈی آئی جی کوئٹہ کے پی آر او کے ذریعے پیشگی منظوری کے بغیر ٹک ٹاک، فیس بک، انسٹاگرام، یوٹیوب یا دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ذاتی یا سرکاری تصاویر، ویڈیوز اور محکمانہ معلومات شیئر کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ پولیس اہلکاروں، آپریشنز یا محکمانہ امور سے متعلق ایسا کوئی بھی مواد جو کوئٹہ پولیس کے وقار، نظم و ضبط یا مورال پر اثرانداز ہوسکتا ہو، اس کی اطلاع فوری طور پر پی آر او برانچ کو دی جائے۔ خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اہم خبربلوچستان
پولیس یونیفارم میں ٹک ٹاک ویڈیوز، سوشل میڈیا استعمال پر پابندی عائد
