اسلام آباد : صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ درست، قابل اعتماد اور مستند معلومات تک شہریوں کی رسائی باخبر اور مو¿ثر جمہوریت کے لیے نہایت اہم ہے، جبکہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز، مصنوعی ذہانت اور دیگر جدید ٹیکنالوجیز کے تیزی سے فروغ کے باعث قابل اعتماد معلومات تک رسائی کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔ معلومات تک رسائی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ریاست شہریوں کے معلومات تک رسائی کے آئینی حق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔ آئین پاکستان شہریوں کے حقِ معلومات کے لیے واضح بنیاد فراہم کرتا ہے، جبکہ 18ویں آئینی ترمیم نے آزادی اظہار کے آئینی ڈھانچے کو مزید مضبوط کرتے ہوئے آرٹیکل 19 اے شامل کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ موجودہ دور میں درست اور قابل اعتماد معلومات تک رسائی پہلے سے زیادہ اہم ہونے کے ساتھ مشکل بھی ہوگئی ہے۔ انہوں نے شہریوں کے معلومات جاننے کے حق کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انہیں مستند معلومات حاصل کرنے کے قابل ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی بنیادوں پر پھیلائی جانے والی غلط معلومات اور گمراہ کن اطلاعات سے نمٹنے کے لیے کوششوں کو مزید فعال بنایا جائے۔ اس ضمن میں معلومات کے درست اور ذمہ دارانہ ابلاغ کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے صدر مملکت نے صحافیوں، میڈیا اداروں، شعبہ ابلاغ کے ماہرین، محققین اور دیگر ماہرین کے کردار پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ جائز عوامی مفاد کی صحافت، منصفانہ تنقید اور بامعنی عوامی مباحثے کو دبانے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ شہریوں کو قابل اعتماد اور مستند معلومات تک رسائی حاصل ہو تاکہ وہ اہم قومی اور عوامی معاملات کے بارے میں باخبر رائے قائم کرسکیں
اہم خبرپاکستان
درست معلومات تک رسائی باخبر جمہوریت کے لیے ناگزیر ہے، صدر آصف علی زرداری
