اہم خبربلوچستان

حب کے ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی،میر علی حسن زہری

حب: سینئر مرکزی رہنما پاکستان پیپلز پارٹی، ترجمان صدر آصف علی زرداری و سینئر صوبائی نائب صدر پی پی پی بلوچستان میر علی حسن زہری کی زیرِ صدارت حب میں جاری ترقیاتی منصوبوں، ماسٹر پلان اور دیگر عوامی فلاحی اسکیموں کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف محکموں کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں پی ڈی ماسٹر پلان حب، ایکسین بی اینڈ آر روڈز، ایکسین بی اینڈ آر بلڈنگز، ایکسین پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور ایس ڈی او لوکل گورنمنٹ سمیت دیگر متعلقہ حکام شریک ہوئے۔ اجلاس کے دوران پی ڈی ماسٹر پلان حب کی جانب سے شہر کے ماسٹر پلان کے تحت جاری مختلف منصوبوں، ان پر ہونے والی پیش رفت اور مستقبل کے لائحہ عمل کے حوالے سے میر علی حسن زہری کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر ایکسین بی اینڈ آر روڈز اور ایکسین بی اینڈ آر بلڈنگز نے اپنے متعلقہ محکموں کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں اور تعمیراتی کاموں کی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔ میر علی حسن زہری نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ماسٹر پلان سمیت تمام جاری ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے، جبکہ تعمیراتی کاموں کے معیار اور پائیداری پر کسی صورت سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے ساتھ ساتھ اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے کہ تعمیراتی کام معیاری اور دیرپا ہوں تاکہ قومی و عوامی وسائل کا مو ¿ثر استعمال ممکن بنایا جا سکے۔ اجلاس میں محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے تحت جاری منصوبوں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ میر علی حسن زہری نے ایکسین پی ایچ ای کو ہدایت کی کہ شہریوں کو صاف پینے کے پانی کی فراہمی سے متعلق منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے تاکہ حب کے عوام کو درپیش پانی کے دیرینہ مسئلے کے حل میں مدد مل سکے۔ انہوں نے لوکل گورنمنٹ کے حکام کو بھی ہدایت کی کہ شہر کی مختلف گلیوں اور محلوں میں جاری ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز کی جائے اور انہیں جلد مکمل کیا جائے، تاکہ تعمیراتی سرگرمیوں کے باعث شہریوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ اور بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی میں بہتری لائی جا سکے۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ حب میں جاری ترقیاتی منصوبے اور ماسٹر پلان شہر کے مستقبل کے لیے غیر معمولی اہمیت رکھتے ہیں۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے شہر کی خوبصورتی، منصوبہ بندی، انفراسٹرکچر اور بنیادی سہولیات میں بہتری آئے گی اور حب کو ایک منظم، جدید اور ماڈل شہر بنانے کی راہ ہموار ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور متعلقہ اداروں کی جانب سے حب میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی کام جاری ہیں، تاہم اس امر کا بھی احساس ہے کہ جاری تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران شہریوں کو بعض مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ تعمیراتی کاموں کی رفتار مزید تیز کی جائے، شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا ہو اور انہیں ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے۔ میر علی حسن زہری نے واضح کیا کہ عوامی فلاح کے منصوبوں کا بنیادی مقصد شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے، اس لیے ترقیاتی کاموں کی نگرانی، معیار اور بروقت تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

تبصرہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *