اہم خبربلوچستان

دکی‘ کنسٹرکشن کمپنی کے کیمپ پر مسلح افراد کا حملہ، 18 مزدور اغواء، ایک گارڈ شہید

کوئٹہ/ دکی: نانا صاحب زیارت کے علاقے پلڑی میں کنسٹرکشن کمپنی کے کیمپ پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کردیا، حملہ آوروں اور کیمپ میں تعینات سول سیکیورٹی گارڈز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک سیکیورٹی گارڈ شہید جبکہ ایک گارڈ سمیت دو افراد زخمی ہوگئے ایس پی دکی منصور احمد بزدار کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں سول سیکیورٹی گارڈ محتاج الرحمان، ساکن خیبر پختونخوا، شہید ہوگئے جبکہ زخمی ہونے والوں میں سیکیورٹی گارڈ عمران وزیر اور ایک راہگیر لطیف ترین شامل ہیں۔ ایس پی دکی کے مطابق مسلح افراد نے کیمپ میں موجود مزدوروں کے شناختی کارڈ چیک کیے اور بعد ازاں 18 مزدوروں کو اغواءکرکے اپنے ساتھ لے گئے۔ اغواءہونے والے مزدوروں میں 10 کا تعلق پنجاب جبکہ 2 مزدوروں کا تعلق پشتون علاقوں سے بتایا گیا ہے۔مسلح افراد نے حملے کے دوران کیمپ میں موجود تعمیراتی مشینری کو بھی نذرآتش کردیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، ایف سی اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔سیکیورٹی اداروں کی جانب سے مغوی مزدوروں کی بازیابی اور حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔

تبصرہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *